حکومت نے وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم میں اہم تبدیلی کی ہے۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی صارفین کے لیے فی ٹوکن 5 لیٹر پٹرول کی حد ختم کردی گئی ہے۔
اب اہل افراد ہفتہ وار 500 روپے کے ریلیف ٹوکن کے ذریعے اپنی ضرورت کے مطابق پٹرول خرید سکتے ہیں۔ یکم جنوری 2006 یا اس کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگچی بھی اس سہولت کے لیے اہل ہیں۔
پٹرول ٹوکن کے لیے رجسٹریشن کیسے کریں؟
ٹوکن حاصل کرنے سے پہلے گاڑی کی رجسٹریشن اسکیم میں کرانا ضروری ہے۔ اپنے موبائل سے 9771 پر SMS بھیجیں۔ SMS کا فارمیٹ یہ ہے:
REG CNIC نمبر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر صوبے کا کوڈ رجسٹریشن کی تاریخ
گاڑی کا رجسٹریشن نمبر بغیر اسپیس لکھیں۔ رجسٹریشن کے لیے SMS مفت ہے۔
پٹرول ریلیف ٹوکن کیسے حاصل کریں؟
رجسٹریشن کامیاب ہونے کے بعد، پٹرول لینے کے وقت 9771 پر صرف TOK لکھ کر SMS بھیجیں۔ آپ کو فیول ریلیف ٹوکن کا پیغام موصول ہوگا۔ اسے پٹرول پمپ پر دکھا کر رعایتی پٹرول حاصل کیا جاسکتا ہے۔
موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی صارفین کے لیے ریلیف
اہل صارفین کو ہفتے میں ایک ٹوکن ملے گا، یعنی مجموعی طور پر چار ٹوکن ماہانہ۔ ہر ٹوکن 500 روپے کے ریلیف کا حامل ہوگا۔ اب ٹوکن استعمال کرنے کے لیے کم از کم 5 لیٹر پٹرول خریدنے کی شرط نہیں ہے۔
800cc تک گاڑیوں کے لیے طریقہ کار
800cc تک کی گاڑیوں کے لیے موجودہ طریقہ کار برقرار ہے۔ ایسے صارفین کو 10 لیٹر کے ٹوکن پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف ملتا ہے، اور ٹوکن مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہوتا ہے۔
اہم احتیاط
حکومت کے مطابق رجسٹریشن، SMS یا ٹوکن حاصل کرنے کی کوئی فیس نہیں۔ اگر کوئی شخص اس سہولت کے بدلے رقم مانگے تو ادائیگی نہ کریں۔
یہ تبدیلی کم مقدار میں پٹرول خریدنے والے اہل موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہے۔